توحید کی تین قسمیں ہیں اور وہ حسب ذیل ہیں:
(1)توحید ربوبیت (2) توحید الوہیت (3) توحید اسماء و صفات
توحید ربوبیت: اس بات پر ایمان لانا ہژے کہ اللہ تعالی ہی ہر چیز کا خالق اور متصرف ہے، اس میں کوئی اس کا شریک نہیں.
توحید الوہیت: اس بات پر ایمان لانا ہے کہ اللہ تعالی ہی معبود برحق ہے، عبادت میں کوئی اس کا شریک نہیں، اور “لا الہ الا اللہ ” کا مطلب بھی یہی ہے، یعنی اللہ کے سوا کوئی سچا معبود نہیں، اس لئے نماز، روزہ اور ہر قسم کی عبادت صرف اللہ واحد کے لئے کی جائیگی، اللہ کے علاوہ کسی اور کے لئے عبادت کا ایک معمولی حصہ بھی کرنا جائز نہیں.
توحید اسماء و صفات: یہ ہے کہ قرآن کریم اور احادیث صحیحہ میں اللہ تعالی کے جو اسماء و صفات بیان کئے گئے ہیں ان پر ایمان لایا جایا اور انہیں اللہ کے لئے اللہ کے شایان شان ثابت کیا جائے، بایں طور کی ان اسماء و صفات کے معانی میں کوئی تحریف نہ کی جائے، انہیں بے معنی نہ کیا جائے، ان میں اللہ کے لئے کیفیت نہ بیان کی جائے اور نہ ہی مخلوق سے تشبیہ دی جائے، جیسا کہ اللہ سبحانہ کا ارشاد ہے: “قل هو الله أحد* الله الصمد* لم يلد ولم يولد* ولم يكن له كفوا أحد*”.
ترجمہ: کہو اللہ ایک ہے، اللہ بے نیاز ہے، نہ اس نے کسی کو جنا اور نہ کسی نے اس کو جنا ، اور نہ اس کا کوئی ہمسر ہے”
دوسری جگہ فرمایا: ليس كمثله شيء و هو السميع البصير”
ترجمہ: اللہ کے مثل کوئی چیز نہیں، اور وہ سننے والا، دیکھنے والا ہے”
بعض اہل علم نے توحید کی صرف دو قسمیں کی ہیں، اور توحید اسماء و صفات کو توحید ربوبیت میں شامل مانا ہے، اور اس میں کوئی مضائقہ نہیں ، کیونکہ دونوں تقسیم کی صورت میں مقصد واضح ہے.
اعداد و تقدیم: داعیہ المکتب/ عبد الرب محمد اسلام المدنی